کامیاب ٹیم کو ایک لاکھ روپئے نقد دیئے جائیں گے، طاہر بن حمدان اور ستیہ نارائنا کا بیان
نظام آباد۔ /9نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )جناب طاہر بن حمدان صدر نشین اردو اکیڈمی، نظام آباد افیسرز کلب کے نائب صدر سکریٹری ستیہ نارائنہ، ٹریژر گنگا گشن نے آفیسرز کلب میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 16 اور 17 نومبر کو نظام آباد میں تلنگانہ سطح کے ماسٹر شٹل بیڈ منٹن مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ طاہر بن حمدان نے بتایا کہ نظام آباد آفیسرزکلب 70 سال کی تاریخ رکھتا ہے اور ان 70 سال سے زائد وقفے کے دوران پہلی مرتبہ ریاستی سطح کے شٹل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ آفیسرز کلب کے صدر ضلع کلکٹر مسٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کی صدارت میں مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے اور ان مقابلوں کے پوسٹرز کی رسم اجرائی ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو کے ہاتھوں عمل میں لائی گئی۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے خواہشمند کھلاڑیوں سے آن لائن میں 8712300347 ربط پیدا کرنے کی خواہش کی گئی ۔طاہر بن حمدان نے بتایا کہ 13 نومبر تک کھلاڑی اپنے ناموں کا اندراج کرائیں۔ ریاست کے 33 اضلاع کے کھلاڑی جن کی عمر 35 سال سے 70 سال کے درمیان ہے ایسے تمام کھلاڑی اپنے ناموں کا اندراج کرا سکتے ہیں۔ تقریبا 600 ڈبلز افراد مقابلوں میں شرکت کریں گے۔ مقابلے میں کامیاب ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد کے ساتھ توصیف نامہ دیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کے لیے مفت میں طعام و قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ آفیسرز کلب کہ شٹل کورٹ کے علاوہ کیپٹن حب کے چھ شٹل کوٹوں میں ان مقابلوں کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ مقابلوں کے لیے ایک ہزار روپے انٹرفیس اور ان کے آدھار کارڈ عمر کا صداقت نامہ پیش کرنے کی خواہش کی۔ 16 تاریخ کے روز ضلع کلکٹر شمع روشن کر کے مقابلوں کا آغاز کریں گے اور 17 کے روز شام اس کا اختتام عمل میں لایا جائے گا۔اس موقع پر حکومت کے منتخب نمائندہ ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سابق ضلع پریشد چیئرمین وٹھل راؤ موجود تھے۔