نعشوں کی منتقلی ،ایمبولنس اور پولیس وین کوحادثہ ، 7 جوان زخمی

   

نئی دہلی :ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک جانبازوں کی لاشوں کو لے جا رہے قافلے میں شامل ایک ایمبولنس اور ایک پولیس گاڑی تمل ناڈو کے ویلنگٹن سے سولور کے درمیان راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ ایمبولنس میں رکھی لاشوں کو دوسرے ایمبولنس میں منتقل کر کے آگے روانہ کیا گیا۔ حادثے میں سات پولیس جوانوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔یہ دو الگ الگ حادثات ہیں جو آج اس وقت ہوئے جب ایمبولنس اور سیکورٹی کی گاڑیوں کا قافلہ ویلنگٹن سے سولور ہوائی اڈے کی جانب جا رہا تھا۔ اچانک پولیس گاڑی کا ایکسل ٹوٹ گیا اور حادثہ سرزد ہو گیا۔ گاڑی ڈرائیور نے گاڑی کو روکا اور اسی عمل میں وہ سڑک کنارے دیوار سے جا ٹکرایا۔ اس واقعہ میں سات پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں اور انھیں میٹوپالیم کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا۔اس واقعہ کے کچھ ہی منٹ بعد ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک جانبازوں کی لاشوں کو لے جانے والی ایمبولنس میں سے ایک معمولی حادثہ کا شکار ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد ایمبولنس میں رکھی گئی لاشوں کو دوسرے ایمبولنس میں منتقل کر دیا گیا اور اس کے بعد سبھی گاڑی بہ حفاظت سولور ائیربیس کی طرف بڑھ گئے۔