نفرت پھیلانے والے ملک کے ہمدرد نہیں ہوسکتے: مولانا مظاہری

   

پرتاپ گڑھ : جمعیۃ علماء ہند (محمود مدنی )رکن یو پی مجلس عاملہ مولانا شبیر احمد مظاہری نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے 34 ویں اجلاس سے جو ملک میں یکجہتی و سالمیت کا مثبت پیغام گیا ہے ،اس نے ہم وطنوں کو سوچنے پر ضرور مجبور کیا ہوگا کہ جو لوگ نفرت پھیلا کر ملک کی محبت کی فضا کو درہم کرنے میں کوشاں ہیں وہ کبھی ملک کے ہمدرد نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے جمعیۃ علما ہند کے پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علما وہ تنظیم ہے ،جس نے ملک کی آزادی میں نمایاں کردار ادا کیا ،اور ملک کی تقسیم کی بھرپور مخالفت کی تھی ۔ مولانا مظاہری نے کہا کہ مولانا محمود مدنی و مولانا ارشد نے اپنے خطاب کے دوران جن خیالات و عزم کا اظہار کیا ہے ،اس سے ملک میں ایک مثبت پیغام گیا ہے ،جس کی چہاروں جانب تائید ہو رہی ہے ۔مولانا ارشد مدنی کے خطاب کے دوران جس طرح غیر مسلم مذہبی رہنماوں نے اپنے تعصب و ناشائستگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا یہ عظیم الشان اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہوا ،جب ملک کا ماحول مسلسل افرا تفری کا شکار ہے ،اور یہاں کے کروڑوں مسلمان ہر چہار جانب سے نفرت و عداوت ،تعصب و تحقیر ، توہین اور تذلیل سے دل برداشتہ و مایوسی کا شکار ہے ،گویا وہ اپنے ملک میں اجنبیت محسوس کرنے لگے ہیں ۔