نلگنڈہ ۔ 2ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیراعلیٰ اے۔ ریونت ریڈی 5 ستمبر کو نلگنڈہ ضلع کے نکریکل کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے پیش نظر ضلع کلکٹر بی چندرشیکھر نے متعلقہ عہدیداروں کو تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کلکٹر نے آج کلکٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ نکریکل پہنچیں گے اور ایریا اسپتال کا افتتاح کرنے کے بعد عوامی جلسہ میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد بھی رکھا جائیگا۔ ضلع کلکٹر نے برقی کی بلا تعطل فراہمی ، اسٹیج ، کرسیاں ، پینے کے پانی ، ٹینٹ ، پولیس کے خصوصی حفاظتی انتظامات اور جلسہ گاہ کے اطراف صفائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ نکریکل شہر کی سڑکوں اور گڑھوں کی مرمت کے علاوہ ہیلی پیڈ پر صفائی اور ڈبل بیریکیڈنگ موبائل بیت الخلاء اور میڈیا کوریج کے لیے ضروری انتظامات بھی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر پریم کرن ریڈی، ڈی آر او دشرت اور دیگر ضلعی عہدیدار موجود تھے۔