حیدرآباد۔ 14 مئی (سیاست نیوز) ضلع نلگنڈہ کے پندناپلی سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کی امریکہ میں بلڈ کینسر کی وجہ سے موت ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نلگنڈہ کی پرینکا 2023 میں اعلیٰ تعلیم کے لئے امریکہ گئی جہاں اس نے ماسٹرس کی ڈگری یونیورسٹی آف یو اے ایچ سے مکمل کی ۔ ڈگری کی تکمیل کے بعد وہ امریکہ میں ملازمت کی تلاش میں تھی۔ تعلیمی قرض کی ادائیگی اور خاندان کی مالی مدد کے لئے وہ او پی ٹی پروگرام کے تحت ملازمت حاصل کرنے کی کوشش میں تھی۔ 5 مئی کو اس کی طبیعت خراب ہوئی اور اسے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ 7 مئی کو دماغ میں خون بہنے کے سبب ڈاکٹروں نے اس کو برین ڈیڈ قرار دیا اور وہ 14 مئی کو فوت ہوگئی۔ پرینکا کی موت کی اطلاع افراد خاندان کو دی گئی جس کے بعد اس کے افراد خاندان میں غم کا ماحول پیدا ہوگیا۔ پرینکا کے افراد خاندان نے بتایا کہ پرینکا سے انہیں کئی امیدیں وابستہ تھیں کہ وہ اپنے خاندان کی مالی مدد کرے گی لیکن اس حادثہ سے ان کے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ پرینکا کے افراد خاندان نے حکومت سے اپیل کی کہ پرینکا کی نعش کو جلد سے جلد وطن واپس لانے کے لئے انتظام کریں۔ ش