یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی اور پریڈ ۔ لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کا خطاب
جموں: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ مجاہدین آزادی اور شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع ہے جنہوں نے اس دن کو ہمارے لیے ممکن بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ نوجوانوں کے خوابوں کو پورا ہونے میں کسی بھی رکاوٹ کو دور کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ان مولانا آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ یوم جمہوریہ کی شاندار تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔انہوں نے قومی پرچم لہرایا اور فوج، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، ایس ایس بی، جموں و کشمیر پولیس، آرمڈ پولیس، آئی آر پی، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی کیڈٹس، بھارت اسکاؤٹس اور گرل گائیڈز، فارسٹ پروٹیکشن فورس و اسکول کے بچوں کی پریڈ سے سلامی لی۔منوج سنہا نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہندوستان کے آئین میں درج پائیدار اقدار کی یاد دلاتا ہے یہ فخر، جمہوریت، انصاف، آزادی، مساوات و بھائی چارے کیلئے ہماری وابستگی کی تصدیق کا دن ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میں ہندوستانی فوج ، نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی انتھک لگن اور قربانیاں ہماری قوم کے اتحاد، سالمیت اور سلامتی کو یقینی بناتی ہیں’۔۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے فورسز ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے کے علاوہ جموں و کشمیر کیلئے امن اور استحکام کے ستون کے طور پر کھڑے ہیں اور ان کی غیرمعمولی بہادری و خدمات ہمیں متحد، محفوظ و خوشحال ہندوستان کیلئے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہیں’۔انہوں نے کہا کہ اس اہم موقع پر میں جموں وکشمیر کی ترقی میں تعاون کرنے والے ہر فرد، کسانوں، کاریگروں، اساتذہ، صحت کارکنوں، سیکورٹی فورسز، کھلاڑیوں اور سرکاری اہلکاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کی لگن اور محنت ہماری اجتماعی کامیابی کا سنگ میل ہے۔