بہتر غذائی عادات اختیار کرنے کا بھی مشورہ ۔ نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد۔ نائب صدر جمہوریہ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے عوام اور خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صحتمندانہ طرز زندگی اختیار کریں اور آرام پسند پسند زندگی سے گریز کریں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو جنک فوڈ سے گریز کریں کیونکہ ملک میں خاموش بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ مرکز برائے ڈی این اے فنگر پرننگ و ڈائگناسٹکس کے دورہ کے موقع پر سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ چند برس قبل عالمی تنظیم صحت کے ڈاٹا سے پتہ چلا کہ ہندوستان میں ہونے والی اموات کی 61 فیصد اموات خاموش بیماریوں جیسے امراض قلب ‘ ذیابطیس اور کینسر سے ہوتی ہیں۔ نائب صدر جمہوریہ نے آرگانک فارمنگ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنی روایتی غذائی عادات کو اختیار کرنا چاہئے اور پروٹین والی غذاوں کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ صحت بہتر رہ سکے ۔ انہوں نے چکنائی والی اور فوری تیار ہونے والی غذاوں سے پرہیز پر زور دیا اور کہا کہ فوری غذا کا مطلب مستقل بیماری ہوتا ہے ۔ موروثی بیماریوں کے بوجھ کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر نائیڈو نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ سادہ اور کم قیمت والے طریقے مختلف موروثی بیماریوں کا پتہ چلانے دریافت کریں تاکہ مریضوں کو سہولت ہوسکے ۔ انہوں نے ہندوستان میں موروثی 10 بیماریوں کا پتہ چلانے کے طریقے دریافت کرنے پر اس سنٹر کی ستائش کی اور کہا کہ چار نئے جینس بھی دریافت کئے گئے ہیں جن سے جینیاتی کونسلنگ اور بیماریوں کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ عوام میں صحتمندانہ انتخاب کے تعلق سے شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی اور بہتر غذائی عادات کو فروغ دینے بڑے پیمانے پر مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ خاص طور پر اسکول اور کالج جانے والے طلبا میں بے حرکت طرز زندگی اور غیر صحتمندانہ غذائی عادتوں کے مضر اثرات کے تعلق سے شعور بیدار کرنے پر بھی انہوں نے زور دیا ۔نائب صدر جمہوریہ نے خاموشی سے پھیلنے والی بیماریوں اور لاحق ہونے والے عارضوں کو روکنے کے طریقے تلاش کرنے پر بھی سائنسدانوں پر زور دیا اور کہا کہ جینیاتی عوامل کو بھی ذہن نشین رکھا جانا چاہئے ۔
