نومولود بچوں کی خرید و فروخت معاملہ کی تحقیقات کا حکم

   

ادے پور: ریاستی انسانی حقوق کمیشن نے نوزائیدہ بچوں کی مبینہ خرید و فروخت کے معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے شکایت درج کرکے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو غیر جانبدارانہ تحقیقات اور قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ ریاستی انسانی حقوق کمیشن کے رکن جسٹس رام چندر سنگھ جھالا نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کی خرید و فروخت نہ صرف مجرمانہ فعل ہے بلکہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے ۔ اس لیے کمیشن نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔ علاوہ ازیں حکم نامے کی کاپی ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو بھجوائی گئی ہے ، حقائق کی غیر جانبدارانہ اور تیز رفتار تحقیقات کرنے ، قانونی کارروائی کرنے اور کمیشن کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

دریائے سریو میں طغیانی، درجنوں گاؤں زیر آب
بارہ بنکی: لگاتار ہورہی بارش اور نیپال سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے ضلع بارہ بنکی میں سریو ندی خطرے کے نشان سے 52سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے جس سے درجنوں گاؤں زیر آب ہوگئے ہیں۔ موسلا دھار بارش اور نیپال سے چھوڑے گئے پانی کی وجہ سے سریو ندی خطرے کے نشان سے تقریبا 52سینٹی میٹر اوپر بہہ رہی ہے جس سے اس کی زد میں سینکڑوں گاؤں متاثر ہورہی ہے وہیں درجنوں گاؤں میں سیلاب کا پانی لوگوں کے گھروں میں گھسنے لگا ہے ۔ ضلع کی تین تحصیلوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے اور ہزاروں بیگھے فصل تباہ ہوگئی ہے ۔ مویشی کے چارے پانی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ۔ سیلاب متاثرہ گاؤں سے لوگ اپنے مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات پر جانے لگے ہیں۔نیپال کے گرجا و شاردابیراج سے پیر کو تقریبا چار لاکھ 30 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے سے منگل کی شام الگن برج پر ندی خطرے کے نشان سے تقریبا 52 سینٹی میٹر اوپر ہوگئی ہے ۔