نوٹ برائے ووٹ مقدمہ میں ریونت ریڈی کو سپریم کورٹ کی نوٹس

   

حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ کیس میں سپریم کورٹ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نوٹس جاری کی ہے ۔ بی آر ایس کے سابق وزیر جگدیش ریڈی نے نوٹ برائے ووٹ مقدمہ کی تحقیقات کو تلنگانہ سے مدھیہ پردیش کے بھوپال منتقل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی۔ جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس سندیپ مہاتا پر مشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت نے مقدمہ کو تلنگانہ سے بھوپال منتقل کرنے کے مسئلہ پر تلنگانہ حکومت ، چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کی ہے ۔ جگدیش ریڈی کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان ہے ، لہذا وہ تحقیقات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ لہذا اس معاملہ کو تلنگانہ سے بھوپال منتقل کیا جائے۔ عدالت میں ٹرائل کے آغاز کی صورت میں حکومت مقدمہ پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرے گی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف 88 کریمنل کیسس درج ہیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون چار ہفتے جواب داخل کرنے کی مہلت دی ہے۔ 1