حیدرآباد: نوٹ برائے ووٹ مقدمہ کی سماعت آج اینٹی کرپشن بیورو ( اے سی بی) کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔ رکن اسمبلی اسٹیفنسن عدالت میں حاضر ہوئے اور مقدمہ کے شواہد کے سلسلہ میں عدالت میں بیان دیا۔ ملزمین کے وکلاء نے کراس اگزامینیشن کیلئے عدالت سے وقت مانگا جس پر آئندہ سماعت 2 جون کو مقرر کی گئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ رکن اسمبلی سے کراس اگزامینیشن کے لئے یہ آخری موقع رہے گا۔ اس مقدمہ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی اہم ملزم ہیں۔ ایم ایل سی انتخابات میں تلگو دیشم امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کیلئے رکن اسمبلی اسٹیفنسن کو بھاری رقم کی پیشکش کی گئی تھی ۔ اس مقدمہ میں چندرا بابو نائیڈو کو بھی ملزم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ 2015کے ایم ایل سی الیکشن میں تلگودیشم امیدوار کی تائید کیلئے 50لاکھ رشوت دینے کا الزام ہے ۔