نیوزی لینڈ میں حملہ کے بعد برطانیہ کی مساجد کی سیکوریٹی بڑھادی گئی

   

لندن ۔ 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسکاٹ لینڈ یارڈ نے جمعہ کو کہا کہ ان کے آفیسرس برطانیہ کی مساجد کے اطراف و اکناف اضافی چوکسی برتیں گے جس کا پس منظر نیوزی لینڈ کی مساجد پر پیش آئے دہشت گردانہ حملے ہیں جن میں 49 افراد کی جان گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ہندوستانی نژاد نیشنل پولیسنگ لیڈ فار کاونٹر ٹیررازم نیل باسو نے کہا کہ میٹرو پولیٹن پولیس کرائسٹ چرچ میں بلا تخصیص شوٹنگ کے بعد سے صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور نیوزی لینڈ میں اپنے ہم منصب حکام کی مدد کیلئے تیار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مساجد کے اطراف پٹرولنگ بڑھا رہے ہیں اور تمام مذاہب کی برادریوں کے ساتھ رابطے ٹھوس بنا رہے ہیں۔ نیز انہیں مشورہ دے رہے ہیں کہ کس طرح وہ خود کو اور اپنے مقامات کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ پولیس اسسٹنٹ کمشنر باسو نے کہا کہ یوکے کاؤنٹر ٹیررازم کے ہمارے انٹرنیشنل نیٹ ورک کے آفیسرس نیوزی لینڈ کی مدد کیلئے تیار رہیں گے۔