نیوزی لینڈ میں سی اے اے اور این آر سی مخالف احتجاج

   

آکلینڈ 24 ڈسمبر (سید مجیب کی رپورٹ) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طلبہ اور تنظیم یونائیٹیڈ نیشن کے مشترکہ زیر اہتمام سی اے اے اور این آر سی قوانین کے خلاف ایک احتجاجی جلسہ عام منعقد کیا گیا جس سے اقوام متحدہ نمائندوں انجمن رحمن اور سپنا ساونت نے مخاطب کیا۔ کارروائی عدنان خان، حافظ صدیقی اور محمد شارخ سابق طلبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے چلائی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر انور غنی تھے۔ کمیونسٹ پارٹی کے نمائندے عارف ضیاء نے قومی ترانہ پیش کیا۔ وزیر اعظم نیوزی لینڈ جسنڈا آرڈرن کو نمائندہ سیاست سید مجیب اور محمد شارخ نے یادداشت پیش کی۔ آکلینڈ کے چوک میں یہ جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس میں ہندوستانی نژاد سکھوں اور مقامی شہریوں نے شرکت کی۔ مذہب کے نام پر ہندوستان میں تقسیم کے لئے بنائے ہوئے نئے قانون سی اے اے کو غیر دستوری قرار دیا گیا۔ اس موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسہ عام میں برقعہ پوش خواتین نے بھی شرکت کی اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سی اے اے کو دستور ہند کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے انٹرنیٹ خدمات معطل کردینے کو شہریوں کے بنیادی حقوق پر غیر معلنہ حملہ قرار دیا۔ عثمان خان نے گیت جنگ آزادی سنایا۔ حیدرآباد کے متوطن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم کامران چیدہ نے بھی پوسٹرس اور بینرس کی تیاری میں نمایاں حصہ لیا۔