پولیس کا لاٹھی چارج‘ کئی طلباء زخمی‘منسوخی تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
پٹنہ: این ای ای ٹی (نیٹ) امتحان میں مبینہ بے قاعدگیوں کو لیکر طلباء نے پٹنہ میں ہفتہ کو امتحان کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کرتے ہوئے زبردست مظاہرہ کیا۔ احتجاجی طلباء کو ہٹانے کے لئے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔ کئی طلباء کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔طلباء نے پٹنہ کے دنکر گولمبر کے پاس ہنگامہ کیا۔ دریں اثنا، انہیں اوپن بورڈ کے 12ویں کے طلباء نے بھی حمایت دی۔ مظاہرین طلباء نے مرکزی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا اور سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ مسدود کر دیا۔ اس دوران دنکر گولمبر پر نقل و حمل پوری طرح ٹھپ ہو گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر طلباء کو منتشر کردیا، اس کے بعد حالات معمول پر آگئے۔طلباء کا مطالبہ ہے کہ امتحان کو منسوخ کر دیا جائے کیونکہ اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے۔ طلباء کا مطالبہ ہے کہ امتحان کو منسوخ کرنے کے بعد اسے دوبارہ منعقد کرایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پرچہ لیک کرنے کے معاملہ میں گرفتاری ہوئی ہے پھر بھی حکومت ماننے کو تیار نہیں ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ این ٹی اے (امتحان منعقد کرانے والا ادارہ) نے جو گریس مارکس دئے ہیں وہ کہیں سے بھی مناسب نہیں تھے۔ اس کے بعد یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا۔ پیپر لیک کا ثبوت پٹنہ پولیس کی اقتصادی جرائم یونٹ کے پاس ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ امتحان میں بیٹھنے جا رہے طلباء کے پاس پہلے سے ہی سوال نامہ پہنچ چکا تھا۔ مظاہرین نے اعلان کیا کہ جب تک ان کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جائے گا ان کی تحریک جاری رہے گی۔