نئی دہلی: سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد مرکزی حکومت نے نیٹ پی جی کونسلنگ شروع کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نیٹ پی جی کونسلنگ چہار شنبہ یعنی 12 جنوری سے شروع ہوگی۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے اتوار کو یہ اعلان کیا۔وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے نیٹ پی جی کونسلنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کو کورونا کے خلاف جنگ میں مزید طاقت ملے گی۔ وزیر صحت نے ٹوئٹ کیا ’’ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو وزارت صحت کی جانب سے کی گئی یقین دہانی اور سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایم سی سی کی طرف سے نیٹ پی جی کونسلنگ 12 جنوری 2022 سے شروع کی جا رہی ہے۔ نیٹ پی جی کونسلنگ میں تاخیر کے خلاف دہلی میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے کافی دنوں تک احتجاج کیا تھا اور تمام طبی خدمات کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اس دوران پولیس اور ڈاکٹروں کے درمیان شدید جھڑپ بھی ہوئی تھی۔
مرکزی حکومت کی یقین دہانی کے بعد ڈاکٹروں نے ہڑتال ختم کی تھی۔خیال رہے کہ نیٹ پی جی کے 100 سے زیادہ نجی اور سرکاری کالجوں میں داخلے کے لیے میڈیکل کے طلبا کے لیے ایک کوالیفائنگ امتحان لیا جاتا ہے۔ اس امتحان میں کامیاب طلبا کے نمبروں کی بنیاد پر انہیں رینک دی جاتی ہے۔ اس کے بعد کونسلنگ کا عمل شروع ہوتا ہے۔ کونسلنگ گزشتہ اکتوبر میں شروع ہونی تھی لیکن او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) اور ای ڈبلیو ایس (اقتصادی طور پر کمزور) امیدواروں کے لیے سیٹوں کے ریزرویشن کا اعلان کرنے والے حکومت کے نوٹیفکیشن کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کیے جانے کے بعد اس میں تاخیر ہوئی۔