کیا آپ یقین کریں گے کہ آپ کے موبائل پر پیغامات بھیجنے کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اپلیکشن واٹس ایپ 10 ویں سالگرہ منارہی ہے۔
جی ہاں دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن کو ہماری زندگی کا حصہ بنے ایک دہائی کا عرصہ ہوچکا ہے اور کمپنی 10 ویں سالگرہ مناتے ہوئے اپنے ڈیڑھ ارب سے زائد صارفین کی شکرگزار ہے۔
اس موقع پر واٹس ایپ نے ایک بلاگ میں صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک خصوصی ویڈیو اور ایک چارٹ شیئر کیا جس میں اس اپلیکشن کے ہر سال کے سنگ میل کا احاطہ کیا گیا ہے۔
فیس بک کی زیرملکیت ایپ کے دونوں بانی تو اب اس کمپنی کا حصہ نہیں رہے مگر اس کی مقبولیت میں اب تک کوئی کمی نہیں آسکی ہے۔
اگر آپ کو معلوم نہ ہو تو جان لیں کہ واٹس ایپ کو تشکیل دینے والے جان کوم اور برائن ایکٹن دونوں یاہو میں کام کرتے تھے مگر 2007 میں دونوں نے ملازمت چھوڑ کر فیس بک میں شمولیت کی کوشش کی اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔