روم : جاریہ سال 20 ہزار سے زائد تارکین وطن اٹلی کے ساحلوں پر پہنچے۔ اطالوی حکومت تارکین وطن کے اٹلی کی طرف بہاؤ میں اضافہ کا ذمہ دار واگنر گروپ کو ٹھہرا رہی ہے۔ اطالوی حکوت کا کہنا ہے کہ جاریہ سال 20 ہزار سے زائد مہاجرین کے اٹلی کے ساحلوں پر پہنچنے کے پیچھے جانی بوجھی سازش کا ہاتھ ہے۔ روم حکومت نے مغربی دفاعی اتحاد ناٹو سے اس بحران میں مدد طلب کی ہے۔ اٹلی کے وزیر دفاع گیڈو کروسیٹو نے پیر کے روز کرائے کے فوجیوں‘ کے روسی گروپ واگنر پر بحیرہ روم میں تارکین وطن کی آمد میں اضافہ کا سبب بننے کا الزام عائد کیا ہے۔ کروسیٹو نے کہا کہ افریقہ سے اٹلی کی طرف ہجرت کرنے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد روس کے واگنر گروپ کی ہائبرڈ جنگ کا نتیجہ ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ واگنر گروپ کئی افریقی ممالک بشمول لیبیا، مالی اور وسطی افریقی جمہوریہ میں سرگرم ہے۔ واگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزن نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واگنر گروپ کے پاس جنوبی یورپ میں ہجرت کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات نہیں ہیں۔ کروسیٹو کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح یورپی یونین، ناٹو اور مغرب نے یہ سمجھ لیا ہے کہ سائبر حملہ اس عالمی محاذ آرائی کا حصہ تھے جس سے یوکرین میں جنگ شروع ہوئی، اب انہیں سمجھ لینا چاہیے کہ جنوبی یورپی محاذ بھی روز بروز خطرناک ہوتا جا رہا ہے۔