ریاست میں غیر یقینی صورتحال ختم ۔ سی پی آئی ‘ سی پی ایم اور وی سی کے پارٹی کے دو دو ارکان نے تائید کردی
چینائی 9 مئی ( ایجنسیز ) ٹاملناڈو میں ٹی وی کے سربراہ وجئے بالآخر ریاست کے چیف منسٹر بنیں گے ۔ وجئے کی 10 مئی اتوار کو چینائی کے نہرو اسیڈیم میں حلف برداری تقریب منعقد ہوگی ۔ گورنر ٹاملناڈو مسٹر آر وی ارلیکر نے وجئے کے تشکیل حکومت کے ادعا کو قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی ۔ وجئے کی پارٹی حلیف جماعتوں کی مدد سے درکار اکثریتی ارکان کی تائید حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے ۔ گورنر ٹاملناڈو نے اپنا دورہ کیرالا منسوخ کرتے ہوئے لوک بھون میں وجئے سے ملاقات کی اور ان کے ادعا کو قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ۔ قبل ازیں دن میں وجئے کی پارٹی کے سینئر لیڈر آدھو ارجنا نے وی کے سی ‘ انڈین یونین مسلم لیگ کے تائیدی مکتوب پیش کئے ۔ انڈین یونین مسلم لیگ ڈی ایم کے کی حلیف جماعت رہی تھی تاہم اس نے بھی وجئے کی پارٹی کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ ٹاملناڈو میں اکثریت کیلئے 118 ارکان کی تائید درکار ہے جبکہ وجئے کی پارٹی کو اب تک جملہ 120 ارکان کی تائید حاصل ہوگئی ہے ۔ انتخابات میں وجئے کی ٹی وی کے 108 نشستیں حاصل کرتے ہوئے واحد بڑی جماعت کے طور پر ابھری تھی ۔ کانگریس کے پانچ ارکان نے بھی اس کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ سی پی آئی کے دو ‘ سی پی ایم کے دو ‘ انڈین یونین مسلم لیگ کے دو اور وی سی کے کے دو ارکان اسمبلی کی بھی وجئے کو تائید حاصل ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ تائید غیر مشروط ہے ۔ کمیونسٹ پارٹیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریاست میں غیریقینی سیاسی صورتحال کا خاتمہ کرنے کیلئے وجئے کی تائید کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی پی آئی نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی جماعتوں کی ایک دوسرے سے مدد طلبی عام ہے اور کمیونسٹ جماعتوں کی جانب سے ٹی وی کے کی تائید میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔گورنر کی جانب سے وجئے کو تشکیل حکومت کی دعوت کے بعد ریاست میں غیر یقینی سیاسی صورتحال ختم ہوگئی ہے اور اتوار کو 10 بجے دن چینائی کے نہرو اسٹیڈیم میں وجئے کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی ۔ تقریب حلف برداری کیلئے تیاریاوں کا بھی آغاز کردیا گیا ہے ۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ وجئے کے ساتھ اور کون کون حلف لیں گے ۔