ترواننتا پورم: کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے مہاراشٹرا کے وزیر نتیش رانے کو کیرالا کو ’منی پاکستان‘ کہتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کا تبصرہ ضرورت سے زیادہ اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ قرار دیا۔ وجین نے ایک بیان میں کہا کہ مہاراشٹرا کے وزیر کے ریمارکس نے کیرالا کے بارے میں سنگھ پریوار کے بنیادی نقطہ نظر کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگھ پریوار کا خیال ہے کہ وہ کسی بھی ایسی جگہ کو الگ تھلگ کر سکتے ہیں جس پر نفرت انگیز مہم چلا کر ان پر اثر ڈالنا مشکل ہو اور یہ بیان اس کا حصہ ہے۔ وجین نے کہا کہ نفرت انگیز بیانات دینے والے وزراء اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کے حقدار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز طور پر، ملک کی حکمران جماعت کی قیادت نے ابھی تک وزیر کے اس عمل کا جواب نہیں دیا ہے، جو ملک کے آئین کی توہین کے مترادف ہے۔بعد ازاں، وزیر اعلیٰ وجین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں مہاراشٹرا کے وزیر کے تبصرہ کو ’انتہائی قابل مذمت‘ قرار دیا۔