ورنگل ایئر پورٹ کی عنقریب تکمیل، حیدرآباد ایئر پورٹ پر بہتر سہولتیں

   

ایئر پورٹ پروڈکٹیوآپریشن سنٹر کا مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کے ہاتھوں افتتاح، ملک میں مزید 50 ایئرپورٹس کا منصوبہ

حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو نے کہا کہ شمس آباد ایر پورٹ کے قیام میں چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈوکا اہم رول ہے۔ ایئرپورٹ کے قیام کیلئے اسوقت 5000 ایکر اراضی حاصل کرنا معمولی بات نہیں تھی۔ رام موہن نائیڈو نے شمس آباد کے ایک ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں ایئرپورٹ پروڈکٹیو آپریشن سنٹر کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین فیلڈ ایر پورٹ کے قیام کا نظریہ سب سے پہلے چندرا بابو نائیڈو نے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی میں بھی چندرا بابو نائیڈو کا اہم رول رہا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے رول کو چندرا بابو نائیڈو قومی سطح پر پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے ایئرپورٹس کی تعمیر میں عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے اور مسافرین کیلئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا گیا۔ مرکزی وزیر شہری ہوا بازی نے کہا کہ ملک میں 24 ایئرپورٹس ایسے ہیں جہاں ڈیجیٹل ٹکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ڈیٹا ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ ایئرپورٹس پر عصری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ایئرپورٹ کا مطلب صرف طیاروں کی آمدورفت نہیں بلکہ مرکزی حکومت نے اسے روزگار کی فراہمی کا اہم ذریعہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں وزارت شہری ہوا بازی تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکنالوجی اور ترقی کے معاملہ میں دنیا کی نظریں ہندوستان کی طرف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل اور بھوگاپورم ایئرپورٹس کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھوگا پورم ایئرپورٹ جون 2026 تک مکمل کرلیا جائے گا۔ آئندہ پانچ برسوں میں مزید 50 ایئرپورٹس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پروڈکٹیو آپریشن سنٹر کا قیام ایئرپورٹس کی کارکردگی میں بہتری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایئرپورٹ پروڈکٹیوآپریشن سنٹر کسی بھی ایئرپورٹ کے دماغ کی حیثیت رکھتا ہے۔ مرکزی وزیر نے آرٹیفیشل انٹلیجنس پر مبنی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا حیدرآباد ایئرپورٹ پر افتتاح کیا۔ اس موقع پر صدرنشین ایئرپورٹس جی ایم آر گروپ جی بی ایس راجو، ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ساؤتھ اینڈ چیف انوویشن آفیسر ایس جی کے کشور اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر پردیپ پانیکر موجود تھے۔ مرکزی وزیر نے ایرٹریفک میں اضافہ کیلئے عصری ٹکنالوجی کو ناگزیر قراردیا۔ انہوں نے عصری سنٹر کے قیام کیلئے جی ایم آر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ای ۔ بورڈنگ ٹکنالوجی کا حیدرآباد نے دیگر شہروں کے مقابلہ پہلے آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ایئرپورٹ پر مسافرین کیلئے عصری اور بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ حیدرآباد سے ملک اور بیرون ملک کے 90 مقامات کو پروازوں کا انتظام ہے اور مسافرین کی تعداد جو 2010 میں 6.5 ملین تھی وہ 2024 میں بڑھ کر 25 ملین ہوگئی۔ جاریہ سال اکٹوبر میں مسافرین کی تعداد میں 5.3 فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 17 نومبر کو ہندوستان نے ایک ہی دن میں 5 لاکھ اندرون ملک مسافرین کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ملک میں مزید 50 نئے ایئرپورٹس کے قیام کا منصوبہ ہے۔ ملک میں فی الوقت 157 ایئرپورٹس ہیں اور آئندہ پانچ برسوں میں 50 کا اضافہ ہوگا۔ ایگزیکیٹو ڈائرکٹر ساؤتھ ایس جی کے کشور نے خیرمقدم کیا۔1