سارق نقد رقم و زیورات قبرستان میں چھپا کر رکھتا تھا۔ پولیس کمشنرکا انکشاف
ورنگل۔ ورنگل میں 40 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات و نقد سارق کے پاس سے ورنگل پولیس نے برآمد کیا جو سابق میں سزا پاچکا تھا ۔ورنگل پولیس کمشنر پی پرمود کمار نے کمشنریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ورنگل سی سی ایس ، انتصار گنج پولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سارق پٹلہ ونود عمر 53 سال ساکن ویسٹ ماریڈ پلی سکندرآباد کو ورنگل میں گرفتار کیا گیا۔ سارق کے قبضہ سے 40 لاکھ مالیت کے طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کرلی گئی۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ 841.5 گرام سونا، 90 گرام چاندی کے زیورات ، 2 لاکھ 83 ہزار نقد رقم اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ سارق کچھ سال سے سڑکوں پر پڑی پانی کی بوتل و دیگر کچرا چن کر پرانے سامان کی دوکانات میں فروخت کرکے آنے والی رقم سے شراب نوشی کرتے ہوئے سڑکوں پر ہی سوجایا کرتا تھا۔ شراب نوشی و دیگر عادتوں کی وجہ سے یہ رقم ناکافی ہورہی تھی ۔ سال 2003 سے ملزم ونود چوریاں کرنے لگا ۔ دن میں کچرا جمع کرنے گھومتے ہوئے جن گھروں پر قفل لگا رہتا ان کی نشاندہی کرکے راتوں میں چوریاں کرنے لگا۔ حیدرآباد، سائبرآباد، رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے علاوہ نظام آباد ، کاماریڈی، آرمور میں 15 چوری کی وارداتوں میں ملوث رہا۔ ملزم چیرلہ پلی، چنچل گوڑہ، کاماریڈی جیل میں رہا اور اس سال مارچ میں چیرلہ پلی جیل سے رہا ہونے کے بعد ورنگل کارخ کیا۔ ورنگل پولیس کمشنریٹ حدود میں 11 چوریوں کا ارتکاب کیا۔ وینکٹ راما ٹاکیز کے قریب کاشی بگہ علاقہ میں پولیس نے سارق کو گرفتار کیا۔ سارق چوری کے زیورات اور رقم وینکٹ راما ٹاکیز کے قریب بھگت سنگھ نگر علاقہ کے ایک قبرستان میں چھپاکر رکھتا تھا۔ ورنگل پولیس کمشنر پی پرمود کمار نے سارق کو گرفتار کرنے پر سی سی ایس انسپکٹر رمیش کمار، انتصار گنج انسپکٹر وینکٹیشورلو، ایس ڈی سمپت کمار، سوامی، شیوا کمار، سرینواس راجو، ہیڈ کانسٹبل روی کمار، احمد پاشاہ، کانسٹبل محمد علی، وینو گوپال، راج شیکھر، نظیر الدین، نرسنگ راؤ، ویمش چندر شیکھر و دیگر پولیس عہدیداروں کی ستائش کی۔