وزیراعظم مودی پانچ ملکوں کےدورے پر روانہ

   

نئی دہلی 2جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی چہارشنبہ کی صبح افریقہ، کیریبائی اور جنوبی امریکی خطے کے پانچ ممالک کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس آٹھ روزہ دورے کے دوران مودی گھانا، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، ارجنٹینا، برازیل اور نامیبیا جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے اس دورے پر روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان پانچ ممالک کا میرا دورہ جنوب کے ممالک کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات کو مضبوط کرے گا، بحر اوقیانوس کے دونوں جانب ہماری شراکت داری کو مضبوط کرے گا اور برکس، افریقی یونین، ایکواس اور کیریکوم جیسے کثیرالجہتی فورمز میں ہماری شرکت کو مزید مستحکم کرے گا۔ مودی آج دوپہر گھانا پہنچیں گے۔
اور وہاں دو دن تک مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔ وہاں سے وہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کیلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ 3 اور 4 جولائی کو وہاں کے لیڈروں سے بات چیت کریں گے اور دیگر پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔وزیر اعظم 4 اور 5 جولائی کو ارجنٹینا میں ہوں گے اور وہاں سے وہ برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو جائیں گے ۔ اس کے بعد وہاں 5 سے 7 جولائی تک برکس اجلاسوں میں شرکت کریں گے ۔مودی 7 اور 8 جولائی کو برازیل کی راجدھانی برازیلیا کے دورے پر ہوں گے اور 9 جولائی کو نامیبیا پہنچیں گے ۔