نئی دہلی، 9 دسمبر (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد دی اور ان کی صحت مند اور طویل زندگی کے لیے دعا کی۔ وزیر اعظم مودی نے ایکس پر لکھا کہ شریمتی سونیا گاندھی جی کو سالگرہ کی مبارکباد۔ ایشور انہیں لمبی عمر اور اچھی صحت سے نوازے۔ کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ سونیا گاندھی پسماندہ طبقات کے حقوق کی علمبردار ہیں اور زندگی کے ہر چیلنج کا سامنا ہمت، استقامت، قربانی اور بے لوث لگن کے ساتھ کرتی ہیں۔ میں ان کی طویل زندگی اور بہتر صحت کی دعا کرتا ہوں۔