وزیر اعظم نریندر مودی کی آج حیدرآباد آمد

   

انڈین اسکول آف بزنس کے کانوکیشن میں شرکت، 5 کیلو میٹر کے حدود میں تحدیدات نافذ

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کل 26 مئی کو حیدرآباد کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔ گچی باؤلی میں واقع انڈین اسکول آف بزنس کے 20 ویں کانوکیشن میں شرکت کرتے ہوئے حیدرآباد اور موہالی کیمپس کے طلبہ سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ کے پیش نظر پولیس کے وسیع تر سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ گچی باؤلی کے اطراف و اکناف 5 کیلو میٹر حدود میں ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیںاور علاقہ میں ڈرون کے استعمال پر امتناع رہے گا جو26 مئی کی شام 6 بجے تک برقرار رہیں گی۔ وزیر اعظم انڈین اسکول آف بزنس کے ٹاپرس کو گولڈ میڈل پیش کریں گے۔ وزیر اعظم کے استقبال کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ موجود نہیں رہیں گے بلکہ وزیر انیمل ہیسبینڈری ٹی سرینواس یادو کے ریاستی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کا استقبال کرنے کی توقع ہے۔ چیف منسٹر نے بنگلور کے دورہ کے پیش نظر شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے ریاستی قائدین وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔ وزیر اعظم دہلی سے دن میں 1:25 بجے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ انڈین اسکول آف بزنس جائیں گے۔ تقریب میں شرکت کے بعد وہ دن میں 3:55 بجے چینائی کیلئے روانہ ہوں گے۔ ر