وزیر اعظم نریند مودی کی کویت آمد۔ ہندوستانی برادری سے خطاب

,

   

میںیہاںآپ کی کامیابیوں کا جشن منانے آیا ہوں۔ کویت کے ساتھ تاریخی روابط کا بھی حوالہ

کویت سٹی : وزیر اعظم نریندر مودی آج باہمی دورہ پر کویت پہونچے ۔ گذشتہ 43 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی وزیر اعظم کویت کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کویت میں ہندوستانی برادری سے خطاب کیا اور کہا کہ وہ یہاں ان ( ہندوستانی برادری ) کی کامیابی کا جشن منانے آئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کے پاس وہ افرادی قوت اور صلاحیتیں موجود ہیں جن کی کویت کو ضرورت ہے ۔ کویت میں وزیر اعظم نے عبداللہ بدرون سے ملاقات کی جنہوں نے رامائن اور مہا بھارت کا عربی میں ترجمہ کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے عبدالطیف النسیف سے بھی ملاقات کی جنہوں نے رامائن اور مہابھارت کے عربی ترجمہ کی اشاعت عمل میں لائی تھی ۔ وزیر اعظم نے اس کا تذکرہ اپنے ماہانہ من کی بات ریڈیو خطاب میں بھی کیا تھا ۔ کویت آمد کے بعد وزیر اعظم نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ وہ کویت پہونچ چکے ہیں۔ یہ کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا گذشتہ 43 برس میں پہلا دورہ کویت ہے اور اس کے نتیجہ میں یقینی طور پر کئی شعبہ جات میں ہند ۔ کویت دوستی کو تقویت حاصل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج شام اور کل ہونے والے پروگرامس میں شرکت کیلئے بے چین ہیں۔ آخری بار اندرا گاندھی نے 1981 میں وزیر اعظم ہند کی حیثیت سے کویت کا دورہ کیا تھا ۔ کویت کے وزیر دفاع و داخلہ اور پہلے نائب وزیر اعظم شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے وزیر اعظم کا استقبال کیا ۔ وزیر اعظم مودی کا کہنا تھا کہ کویتی قیادت کے ساتھ ان کی بات چیت کے ذریعہ دونوںملکوں کے مابین مستقبل پر مبنی شراکت داری کا روڈ میاپ تیار کرنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کویت کے ساتھ تاریخی رابطوں کی بہت قدر کرتے ہیں اور یہ نسل در نسل سے چل رہے رابطے ہیں۔ ہمارے صرف تجارتی تعلقات ہی نہیںہیں بلکہ کئی شعبوں میں ہمارے مفادات مشترکہ ہیں جن میں امن‘ سلامتی ‘ استحکام اور مغرب ایشیاء کی خوشحالی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیںامید ہے کہ وہ امیر کویت ‘ ولیعہد اور وزیر اعظم کویت سے ملاقات میںان رابطوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کرینگے ۔ وزیر اعظم کویت میں26 ویں عرب گلف کپ کی افتتاحی تقریب میںبھی شرکت کرینگے ۔ ہندوستان کا شمار کویت کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں ہوتا ہے ۔ کویت میں ہندوستانی برادری سب سے بڑی بیرونی برادری ہے ۔ وزیر اعظم نے کویت پہونچنے کے بعد 101 سالہ سبکدوش آئی ایف ایس عہدیدار منگل سائن ہانڈا سے بھی ملاقات کی جو کویت میں مقیم ہیں۔ موظف عہدیدار نے سوشیل میڈیا پر خواہش ظاہر کی تھی کہ وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ کویت میں 10 لاکھ ہندوستانی ہیں جو کویت کی آبادی کا 21 فیصد ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ کویت کی افرادی قوت میں ہندوستانیوں کا حصہ 30 فیصد تک پہونچ چکا ہے ۔