سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے مذمت کی
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے یوم آزادی کے موقع پر دہلی کے لال قلعہ سے کئے گئے وزیر اعظم کے خطاب کو ملک کی آزادی کی توہین قرار دیا۔ انہوں نے آج ایک ویڈیو میڈیا کو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ یوم آزادی تقریب کے موقع پر وزیر اعظم نے جو تقریر کی ہے وہ حقائق سے بعید ہے اور مجاہدین کی توہین کرنے والی ہے۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ 1925 میں سی پی آئی اور آر ایس ایس کا قیام عمل میں آیا۔ تب سے سی پی آئی انگریزوں کے خلاف جنگ لڑتی رہی اور ملک کی آزادی میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی قربانیاں بھی پیش کی ہیں۔ سی پی آئی کے قائدین نے جیل کی سعوبتیں بھی برداشت کی ہیں لیکن آر ایس ایس کے قائدین نے کبھی تحریک آزادی میں حصہ نہیں لیا۔ گولیاں تو دور انہوں نے لاٹھیاں بھی نہیں کھائیں۔ ایسی تنظیم آر ایس ایس کے قائدین وزیر اعظم لال قلعہ سے محب وطن قرار دیتے ہوئے مجاہدین آزادی کی توہین کررہے ہیں۔ ساورکر انڈومان جیل سے برطانیہ حکومت کے سامنے جھک گئے، معافی مانگتے ہوئے جیل سے آزاد ہوئے۔ کیا انگریزوں نے انہیں ملک کی آزادی میں حصہ نہ لینے کی ہدایت نہیں دی تھی، وزیر اعظم نریندر مودی اس کی وضاحت کریں۔ ملک کی آزادی میں لاکھوں لوگوں نے حصہ لیا اور کئی لوگ اپنی قیمتی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کی بجائے وزیر اعظم نریندر مودی نے جدوجہد آزادی میں حصہ نہ لینے والے آر ایس ایس کی ستائش کرتے ہوئے ملک کی عوام کو مایوس کیا۔ 2