مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ بنگالیوں کو نقصان پہنچانے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور بنگال میں رہنے کیلئے بنگالی سیکھنی ہوگی۔ ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کے کنچن پاڑہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جولوگ بنگال میں رہتے ہیں انہیں بنگالی سیکھنی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم بنگال میں تمام ریاستوں کے باشندے کا استقبال کرتے ہیں۔ جیسا کہ مجھے معلوم ہے کہ جب ہم بہار میں جاتے ہیں تو ہندی بولتے ہیں کیوں کہ وہاں کی زبان ہندی ہے۔تمل ناڈو میں بھی تمل نہیں جاننے کے باوجود کچھ الفاظ تمل کا ضرور بولتے ہیں۔اسی طرح جب آپ بنگال میں رہتے ہیں تو بنگالی سیکھنی چاہیے۔اگر آپ دیگر زبان بولتے ہیں تو ہمیں کوئی پریشان نہیں مگر آپ کو بنگالی زبان ضرور سیکھنی چاہیے۔
ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا کہ یہاں کچھ لوگ بنگالیوں کو پریشان کرتے ہیں ، مگر ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ہم بنگال کو گجرات نہیں بننے دیں گے۔گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات ہوتے ہیں،سیکڑوں افراد کا قتل کردیا گیا ہے۔اس لیے میں بولتی ہوں کہ بنگال کو گجرات نہیں بننے دیا جائے گا۔
وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ایک بار پھر میں کہتی ہوں کہ ریاست کے اسپتالوں میں جاری جونیئرڈاکٹروں کی ہڑتال میں کچھ باہری افراد بھی شامل ہیں،میں نے کچھ باہری لوگوں کو دیکھا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کی حفاظت کی یقین دہانی کراتے ہیں مگر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کے پیش نظر ڈاکٹروں کو ہڑتال ختم کردینے چاہیے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر ووٹنگ مشین میں چھیڑ خوانی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپر کو واپس لانے کی ضرو رت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے چند سیٹوں پر ووٹنگ مشین میں چھیڑ چھاڑ کرکے جیت حاصل کی ہے۔ مگر اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ بنگالی اور اقلیتوں پر مظالم کو ہم برداشت کرسکتے ہیں۔