حیدرآباد۔ 5 نومبر(سیاست نیوز) شہر میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے بندوق بردار (گن مین ) اے ایس آئی فاضل علی نے خود کو سرویس ریوالور سے گولی مار کر خودکشی کرلی۔ بتایاجاتا ہے کہ متوفی فاضل نے بیٹے و بیٹی سے بات کرتے ہوئے بندوق اٹھائی اور ماتھے پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن کے تحت پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی سبیتا ریڈی موقع پر پہنچ گئیں ۔ سبیتا اندرا ریڈی، ویسٹ زون ڈی سی پی اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کر رہی ہیں۔ جوبلی ہلز پولیس جائے حادثہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔اس واقعہ سے ریاست بھر میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس گن مین کی خودکشی کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اے ایس آئی فضل علی بحیثیت اسکارٹ آفیسر کام کر رہے تھے۔ گن مین فاضل علی منی کانٹھا ٹفن سری نگر کالونی میں اپنے افراد خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ کچھ دنوں سے مسائل سے دوچار تھے۔ واقعہ کی مکمل تفصیلات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعہ کے بعدمقامی لوگ جائے حادثہ پر جمع ہوئے اور تفصلات جاننے کی کوشش کیے۔بتایا جاتا ہے کہ متوفی نے مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کی۔ پولیس کو ابتدائی طور پر پتہ چلا کہ اس نے خودکشی کی کیونکہ وہ قرض کی وصولی کی ہراسانی برداشت نہیں کر سکتا تھا۔ فاضل علی نے کچھ عرصہ قبل لون ایپ سے قرض لیا تھا۔ 3 لاکھ ادا کیے گئے۔ تاہم شبہ ہے کہ اس نے 10 لاکھ روپے دینے کے مطالبات کی وجہ سے خودکشی کی ہو گی۔