عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس سے ربط ، پنشن اور ڈبل بیڈروم کی درخواستیں
حیدرآباد ۔8 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی نے کانگریس ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے تقریباً 2 گھنٹے تھے تحریری نمائندگیاں وصول کیں۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں اور ضلع کلکٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی پر توجہ دلائی ۔ عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہفتہ میں ایک دن ریاستی وزیر کی جانب سے عوامی سماعت کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے۔ ویویک وینکٹ سوامی نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کا یہ مثالی پروگرام ہے جس میں شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنشن اور ڈبل بیڈروم مکان کے سلسلہ میں زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اراضی تنازعات سے متعلق بعض درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تین لاکھ سے زائد مستحق افراد کو پنشن کی منظوری کا منصوبہ رکھتی ہے۔ عوامی سماعت پروگرام میں موصول ہونے والی درخواستوں کی یکسوئی کی نگرانی کیلئے ایک خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے ۔ وزراء کی جانب سے محکمہ جات کو روانہ کردہ درخواستوں کی یکسوئی کی پیشرفت کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا تھا اور راشن کارڈ جیسی بنیادی ضرورت کی تکمیل نہیں کی گئی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد نئے راشن کارڈس جاری کئے گئے اور ہر شخص کو فی کس 6 کیلو باریک چاول سربراہ کیا جارہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ راشن کارڈ کے سلسلہ میں ایک بھی درخواست وصول نہیں ہوئی۔ 1/k/a/b