نئی دہلی : پبلک ہیلت فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر پروفیسر کے سریناتھ ریڈی نے کہاکہ اگر عوام کی جانب سے تمام احتیاطی اقدامات نہیں کئے گئے تو ستمبر کے وسط میں کورونا وائرس کی وباء عروج پر ہوگی۔ اُنھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر عوامی مقامات پر احتیاط برتیں اور ذمہ داروں طور پر وائرس کو محدود کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ اُنھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملک میں اِس وقت کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کو آگے بڑھنے سے روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات بہت ضروری ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہوسکے اس کو روکنے کی ہرممکن کوشش کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مختلف ریاستوں میں مختلف اوقات میں کورونا وائرس کی وباء اپنی انتہا پر ہوگی۔ تاہم ملک بھر میں آئندہ دو مہینوں میں یہ وباء عروج پر ہوسکتی ہے۔