وشاکھاپٹنم میں کانکنی پر ہائیکورٹ میں درخواست حکومت کے موقف پر عدالت کی برہمی

   


حیدرآباد ۔13 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ہائی کورٹ نے وشاکھاپٹنم کے رشی کنڈا میں حکومت کی جانب سے کھدائی معاملہ میں تفصیلات طلب کی ہے۔ تلگو دیشم کے رکن اسمبلی وی رام کرشنا بابو اور دوسروں نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کھدائی کے طریقہ کار پر اعتراض جتایا ۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے دوران ریمارک کیا کہ اس معاملہ میں حکومت بعض معاملات کو مخفی رکھ رہی ہے۔ عدالت نے کہا کہ مرکزی وزارت جنگلات کی جانب سے کمیٹی کے قیام کی تجویز کی مخالفت افسوسناک ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی گئی ۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ رشی کنڈا میں 9.88 ایکر اراضی پر کھدائی کی اجازت دی گئی لیکن 20 ایکر اراضی پر کھدائی کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت نے گوگل میاپ پیش کرتے ہوئے تفصیلات فراہم کی گئیں۔ حکومت کے وکیل نرنجن ریڈی نے عدالت کو بتایا کہ اجازت کے مطابق کھدائی کی گئی ہے۔ سرکاری وکیل کے استدلال سے عدالت نے اختلاف کیا اور کہا کہ تصاویر جھوٹ نہیں بولتی۔ سرکاری وکیل نے حلفنامہ داخل کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگا۔ اس پر عدالت نے کہا کہ حکومت کچھ چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت 3 نومبر کو ہوگی۔ ر