وعدوں کی عدم تکمیل پر نوجوانوں کو احتجاج کرنے کا حق

   

یوم تاسیس پر کروڑوں روپے ضائع کرنے کا حکومت پر الزام، سابق وزیر سدرشن ریڈی کا بیان

بودھن ۔ 18 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابقہ ریاستی وزیر و ٹریژیر پردیش کانگریس پی سدرشن ریڈی نے اپنے صحافتی بیان میں شکیل عامر ایم ایل اے بودھن پر الزام عائد کیا کہ شکیل عامر اپنی اور اپنی پارٹی بی آر ایس کی ناکامیوں کو چھپانے بودھن کے رائے دہندوں کے سوالات کے جوابات دینے سے کترا رہے ہیں اور اگر ان سے ان کی عدم کارکردگی پر سوال اٹھایا جائے تو پھر ان کے خلاف پولیس میں سنگین دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کروا رہے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ رات دیر گئے نمائندہ سیاست بودھن سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام حکومت میں منتخبہ عوامی قائدین سے ان کی کارکردگی کے تعلق سے سوال اٹھانے کا ہر عام شہری کو حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکیل عامر کے حالیہ دورہ قدیم شہر بودھن کے موقع پر مقامی مسلم نوجوانوں کی جانب سے ایم ایل اے اور بی آر ایس حکومت سے وعدوں کی تاحال عدم عمل آوری کے تعلق سے جواب طلب کرنے پر اپنی اور پارٹی کی کوتاہیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے شکیل عامر سوالات کرنے والوں سے خود الجھ پڑے۔ مذکورہ واقعہ کے ویڈیوز صرف چند منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے جس کا سینکڑوں افراد مشاہدہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے پولیس کے رویہ پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے جانب داری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے یوم تاسیس کے نام پر کروڑہا روپے رقم ضائع کرنے کا تلنگانہ سرکار پر الزام عائد کیا اور انہوں نے کہا کہ وہ کسی سیاسی جماعت (ایم آئی ایم) کی جانب داری نہیں کررہے ہیں بلکہ بی آر ایس کی جانب سے بودھن کے مسلمانوں اور عوام سے مسلسل دس سالوں سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے احتجاج کو حق بجانب قرار دے رہے ہیں۔