وقار آباد ضلع کے تانڈور میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش

   

وقار آباد۔17؍مئی (ایجنسیز) تلنگانہ کے ضلع وقار آباد کے تانڈور میں آج سہ پہر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ غیر موسمی بارش سے عوام کو شدید گرما سے راحت ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آدھے گھنٹہ تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تانڈور منڈل کے رام پور علاقہ میں شدید بارش اور گرج چمک کے دوران بجلی گرنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ ایک بیل کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ تفصیلات کے مطابق تانڈور کے ساکن ایم روی پیشہ سے کسان تھے۔ بیل کو تانڈور منتقل کرنے کی غرض سے وہ کھیت میں گئے تھے۔ اچانک تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا اور وہ بیل کے ساتھ بارش سے بچنے کے لئے ایک درخت کے نیچے ٹھہر گئے تھے کہ درخت پر اچانک بجلی گر پڑی جس کے باعث دونوں برسر موقع فوت ہوگئے۔ تیز ہواؤں کے باعث وقار آباد کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے ایک منڈل میں ٹپر بے قابو ہوکر اُلٹ گیا۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہو نے کی اطلاع ہے۔