ایر انڈیا چوتھے نمبر پر، شیڈول کی پابندی اور بہتر خدمات مسافرین کی ترجیح
حیدرآباد ۔15 ۔ جولائی (سیاست نیوز) طویل مسافت کم وقت میں طئے کرنے کیلئے فضائی سفر کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ایر لائینس کمپنیوں کے معاملہ میں کسٹمرس کی ترجیحات کارکردگی کی بنیاد پر ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ایر لائینس کمپنیاں پرواز کے بارے میں طئے شدہ شیڈول کی پابندی نہیں کرتی اور مقررہ وقت کو موخر کرتے ہوئے مسافرین کیلئے مشکلات کا سبب بنتی ہے۔ دنیا کی پانچ بڑی ایر لائینس کمپنیوں کو بہتر کارکردگی اور وقت کی پابندی کے سلسلہ میں منتخب کیا گیا۔ طیاروں کی مقررہ وقت پر روانگی کے نتیجہ میں ہوائی مسافرین نے سعودی عربیہ ایرلائینس کو اولین ترجیح میں شامل رکھا ہے۔ سروے کے مطابق سعودی ایر لائینس وقت کی پابندی کے معاملہ میں 92.3 فیصد کے ساتھ دیگر کمپنیوں میں سرفہرست ہے۔ سروے کے اعتبار سے دیکھا جائے تو سعودی ایر لائینس کی اڑان ہمیشہ مقررہ وقت پر ہوتی ہے اور ایرلائینس کی خدمات کے بارے میں بھی عوام کی رائے مثبت ہے۔ سروے کے مطابق ساؤتھ کوریا کی کورین ایرلائینس کو وقت کی پابندی کے معاملہ میں 88.56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میکسیکو کی ایرو میکسیکو 86.94 فیصد کے ساتھ وقت کی پابندی میں دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے۔ ہندوستان کی ایرلائینس کمپنیوں میں ایر انڈیا نے وقت کی پابندی کرنے والی کمپنیوں میں اپنا چوتھا مقام بنایا ہے۔ مقررہ وقت پر اڑان بھرنے کے معاملہ میں اسے 86.85 فیصد پابندی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سنگاپور ایرلائینس 86.74 فیصد کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ ماہرین کے مطابق بہتر خدمات اور وقت پر اڑان کے معاملہ میں سعودی ایرلائینس کئی برسوں سے اپنی سبقت کو برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ حالیہ برسوں میں ایر انڈیا نے اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے۔ انٹرنیشنل اڑان کے مقابلہ ڈومیسٹک فلائیٹس کے معاملہ میں مسافرین کو ایر انڈیا سے شکایت ہے۔ گھریلو پروازوں کے اوقات میں اچانک تبدیلی سے مسافرین کو اہم کاموں کی تشکیل میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بسا اوقات گھریلو مسافرین کی جانب سے ایرپورٹس پر احتجاج کی خبریں آئی ہیں۔1/k/a/b