ولیج ریونیو اسسٹنٹس کے مطالبات کو کانگریس کی تائید

   

ریونت ریڈی نے بھوک ہڑتال میں حصہ لیا، چیف منسٹر کے رویہ پر تنقید
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گزشتہ 75 دنوں سے مطالبات کی یکسوئی کے لئے احتجاج کرنے والے ولیج ریونیو اسسٹنٹس کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ ریونت ریڈی نے آج کوڑنگل میں وی آر ایز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے منعقدہ دھرنا پروگرام میں شرکت کی اور وی آر ایز کے مطالبات کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے ولیج ریونیو اسسٹنٹس سے جو وعدے کئے تھے، ان سے انحراف کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 دن سے ولیج ریونیو اسسٹنٹس اپنے مطالبات کی یکسوئی کا حکومت سے اپیل کر رہے ہیں لیکن چیف منسٹر کی جانب سے کوئی شنوائی نہیں ہے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے ولیج ریونیو اسسٹنٹس کو مطالبات کی قبولیت کا تیقن دیا تھا لیکن آج تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتالی ولیج ریونیو اسسٹنٹس معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو یادداشت پیش کرنے کیلئے جب ولیج ریونیو اسسٹنٹس کے نمائندے پہنچے تو چیف منسٹر نے ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔ کانگریس پارٹی مطالبات کے حل تک حکومت پر دباؤ بنائے گی۔ ریونت ریڈی نے پرگی اسمبلی حلقہ میں منعقدہ بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ ضلع کانگریس کے صدر رام موہن ریڈی اور دیگر قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ر