وندے بھارت ایکسپریس افتتاح کے دن ہی تکنیکی خرابی کی شکار

,

   

اٹاوہ- میک ان انڈیاکے تحت بنی ملک کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین ‘وندے بھارت ایکسپریس’ اپنے افتتاحی سفر کے دوران واپس لوٹتے وقت سنیچر کی صبح تکنیکی خرابی کا شکار ہوگئی ۔

گاڑی تجارتی سفر پر نہیں تھی۔ ریلوے کے اعلی افسران نے بتایا کہ وندے بھارت ایکسپریس سے صبح تقریباًپانچ بجے دہلی سے سوا دو سو کلومیٹر پہلے اٹاوہ سے آگے چمرولہ اسٹیشن سے پہلے کوئی جانور ٹکراگیا جس کی وجہ سے ٹرین کے نیچے لگے کئی آلات کونقصان پہنچا جس سے چار ڈبوںمیں بجلی کی فراہمی متاثرہوگئی اور آپریٹنگ سسٹم کوبھی نقصان پہنچا۔

ٹرین کو بعد میں بہت دھیمی رفتار سے چمرولہ اسٹیشن لایا گیا اور تقریباً تین گھنٹے تک معمولی مرمت کے بعدگاڑی کو دہلی کے لئے روانہ کیا گیا۔اس ٹرین کو وارانسی کے ممبر پارلیمنٹ وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پرصبح 11:20 پر ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا تھا۔

یہ گاڑی شام 3:10منٹ پر کانپور اسٹیشن پہنچی اور وہاں سے شام 4:10 منٹ پر روانہ ہوئی اور شام 6:10 منٹ پر الہ آباد پہنچی جہاں سے رات 7:45 منٹ پر روانہ ہوکر رات 9:42 منٹ پر وارانسی کینٹ اسٹیشن پہنچی۔واپسی کے لئے یہ گاڑی وارانسی سے رات ساڑھے دس بجے روانہ ہوئی تھی۔

یہ ٹرین پسنجرز کے لئے اتوار کو شروع ہورہی ہے اور دونوں جانب سے سبھی سیٹیں بک ہوچکی ہیں۔ریلوے حکام کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں کہ ملک کی خواہشات کی علامت اس ٹرین کوکل کیسے چلایا جائے گا۔

حالانکہ افسران نے خامی ٹھیک ہوجانے کابھروسہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین اتوار کووقت پر چلے گی۔مقررہ وقت شیڈول کے مطابق ٹرین نئی دہلی سے صبح چھ بجے روانہ ہوکر 10:18 منٹ پر کانپور اور 12:23 منٹ پر الہ آباد اور دوپہردو بجے وارانسی پہنچے گی۔

واپسی میں یہ ٹرین وارانسی سے تین بجے روانہ ہوکر رات گیارہ بجے نئی دہلی آئے گی۔افسران نے بتایا کہ تمام جدید سہولیات سے آراستہ یہ ٹرین دیگر ٹرینوں کے مقابلے مسافروں کو خاص احساس دلایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایسی ٹرین غیرممالک سے درآمدکرنے کے لئے 200 کروڑروپے مختص کرنے پڑتے ۔

وائی فائی،ایل ای ڈی ٹی وی اسکرین اور 180 ڈگری گھومنے والی چیئر،جدید ٹوائلٹوں پر مشتمل اس ٹرین کی ہر بوگی انجن کی طرز پر کئی خصوصیات سے لیس ہے یہی وجہ ہے کہ اسے رفتار پکڑنے اور جلدروکنے میں چندسیکنڈ ہی لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں ٹرین روکنے کے لئے ہرڈبے میں زنجیرکی جگہ خاص قسم کے سوئچ لگے ہیں جنہیں دباکر مسافرٹرین کے ڈرائیور سے بات چیت کرسکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر چندسیکنڈ کے اندرڈرائیور گاڑی روک سکتا ہے ۔

مسافر ڈبے میں لگی ایل ای ڈی اسکرین کے ساتھ ساتھ وائی فائی کے ذریعے تفریح پروگراموں کا مزہ اپنے انڈرائیڈموبائل فون پر لے سکیں گے ۔ اس کے علاوہ مسافروں کو آنے والے ریلوے اسٹیشنوں اور گاڑی کے کھلنے و رکنے کی اطلاع دینے کے جدید انتظام کئے گئے ہیں۔