اتیبی (یوگنڈا) 20 جون (سیاست ڈاٹ کام) ونیزویلا کی بدحالی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ۔ اس ملک کے تعلق سے اب رپورٹ آئی ہے کہ امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں سے بچنے کے لئے 7.4 ٹن سونا خفیہ طریقے سے یوگنڈا کی ایک ریفائنری میں پہنچایا گیا ہے ۔وال اسٹریٹ جنرل کی اس سلسلے میں شائع رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر نکولس مدرو نے امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں سے بچنے کے لئے مشرقی افریقہ کے یوگنڈا میں دو طیاروں کے ذریعے سونا بھیجا گیا۔ امریکہ نے مدرو حکومت پر کئی اقتصادی پابندیاں لگائی ہیں اور اپوزیشن پارٹی کے لیڈر جوآن گوئیڈو کو صدر کے طور پر تسلیم کیا ہے ۔امریکہ نے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی مدرو حکومت کے ساتھ کسی طرح کی تجارتی شراکت داری نہ کرنے کے متعلق آگاہ کیا ہے ۔ یوگنڈا بھیجے گئے سونے کی قیمت 30 کروڑ ڈالر سے زائد لگا ئی گئی ہے ۔ یوگنڈا کے قومی پولیس کے ترجمان فریڈ اینگا کے مطابق اینتبے کے بین الاقومی ہوائی اڈے پر روسی چارٹر جیٹ سے سونا پہنچایا گیا۔ دستاویزات کی جانچ کرنے والے یوگنڈا کے ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق پارسل کے پیپر ورک کی وجہ سے سونے کی راڈ ہونے کے متعلق پتہ چلا۔ کچھ پر ونیزویلا کے مرکزی بینک کی ملکیت کی مہر ثبت ہے ۔ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ طیارے نے ونیزویلا کے دارالحکومت کاراکس سے پرواز بھری تھی۔