جدید انٹیگریٹیڈ کامپلیکس میں تمام سرکاری محکمے ہوں گے‘ اسمبلی میں چیف منسٹر وجے کا اعلان
ٹاملناڈو۔3؍ستمبر ( ایجنسیز) چیف منسٹر ٹاملناڈو وجئے نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت 1200 کروڑ روپئے کے تخمینے سے قانون ساز اسمبلی۔کم۔سکریٹریٹ کا نیا انٹیگریٹیڈ کامپلیکس تعمیر کرے گی۔ وجے نے 3 ستمبر کو اسمبلی میں یہ اہم اعلان کیا۔ اس اعلان کے بعد یہ بات واضح ہو گیا ہے کہ سکریٹریٹ اب تاریخی فورٹ سینٹ جارج سے باہر منتقل ہو جائے گا۔ اسمبلی میں رول 110 کے تحت وزیر اعلی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جدید انٹیگریٹیڈ کامپلیکس میں ریاستی حکومت کے تمام محکمے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈرن ایڈمنسٹریٹو کامپلیکس میں فائر فائٹنگ کی سہولیات، معذور افراد کیلئے ایکسیسبلٹی اور گرین بلڈنگ اسٹینڈرڈز ہوں گے۔ افسران کیلئے کافی پارکنگ اسپیس، کانفرنس ہال، پبلک سروس سنٹر اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔وزیر اعلی وجے نے چینائی میں اولمپک سٹی اور موٹر اسپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے ٹاملناڈو کے ایتھلیٹ اولمپک گیمس اور دیگر کھیلوں میں بڑی تعداد میں میڈل جیت سکیں۔ وجے نے کہا کہ یہ کامپلیکس ایک ورلڈ کلاس انٹیگریٹڈ اسپورٹس سنٹر ہوگا، جو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے اسپورٹس مقابلے منعقد کرنے اور ایسے باصلاحیت ایتھلیٹس تیار کرنے میں مدد کرے گا۔ وجے نے کہا کہ ٹاملناڈو ٹو وہیلر اور فور وہیلر بنانے میں ایک سرکردہ ریاست ہے۔ کئی آٹوموبائل بنانے والی کمپنیاں اپنی نئی آٹوموبائل فیکٹریاں لگانے کیلئے ٹاملناڈو کو پہلی ترجیح مانتی ہیں۔ موٹر اسپورٹس پروڈکشن یونٹس کوئمبٹور میں چل رہی ہیں۔ چینائی کے قریب ارنگاٹوکوٹئی میں مدراس انٹرنیشنل سرکٹ اور کوئمبٹور میں کے اے آر آئی موٹر اسپیڈ وے موٹر ریسنگ کیلئے ضروری اسٹرکچرس موجود ہیں۔