واشنگٹن، 3 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویر اب امریکی کرنسی کا نمایاں حصہ بن گئی ہے ، کیونکہ ان کا پورٹریٹ نئے ایک ڈالر کے سکوں پر شامل کیا گیا ہے ، جس کے ساتھ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے زندہ صدر بن گئے ہیں جن کی شبیہ حقیقی امریکی کرنسی پر بنائی گئی ہے ۔ میڈیا کے مطابق یہ سکہ چہارشنبہ کے روز جاری کیا گیا، جس پر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ”لبرٹی” اور ”ان گاڈ وی ٹرسٹ” کے الفاظ درج ہیں۔ امریکی ٹکسال (یو ایس منٹ) کے مطابق یہ سکے عام گردش میں نہیں لائے جا رہے ، تاہم انہیں قانونی زرِ ادائیگی کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ اگرچہ ان کی سرکاری مالیت ایک ڈالر ہے ، لیکن انہیں بنیادی طور پر یادگاری اور کلیکٹرز کے لیے فروخت کیا جا رہا ہے ۔25 سکوں کے ایک رول کی قیمت 61ڈالر جبکہ 100سکوں کے تھیلے کی قیمت 154.50 ڈالر مقرر کی گئی۔ فروخت شروع ہونے کے چند ہی گھنٹوں بعد ٹکسال کی ویب سائٹ پر یہ سکے ”فی الحال دستیاب نہیں” دکھائے جانے لگے ۔