ریاست بھر میں ٹیٹ امتحان کا پرسکون انعقاد عمل میں آیا
حیدرآباد۔ 12 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ ٹیچرچ اہلیتی ٹسٹ ( ٹی ایس ٹیٹ ) 2022 کے نتائج کا 27 جون کو اعلان کیا جائیگا ۔ ٹیٹ امتحان کا آج تلنگانہ بھر کے جملہ 2,683 مراکز پر پرامن انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ امتحان کیلئے جملہ 3,51,468 امیداوروںن ے اندراج کروایا تھا جن میں 3,18,506 امیدواروں نے امتحان تحریر کیا ۔ یہ پرچہ اول کیلئے تھا جس کا انعقاد صبح 9.30 بجے سے دوپہر 12 بجے تک انعقاد عمل میں آیا ۔ اسی طرح پرچہ دوم کیلئے 2,77,900 امیدواروں نے اندراج کروایا تھا جن میں 2,51,070 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا ۔ یہ امتحان سہ پہر 2.30 جے سے شام پانچ بجے تک منعقد ہوا ۔ اس امتحان کیلئے ریاست بھر میں جملہ 1,203 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ کچھ امیدواروں اور کوچنگ اداروں کا کہنا ہے کہ توقعات کے مطابق دونوں ہی پرچہ جات کے سوالات قدرے آسان ہی تھے ۔ ٹی ایس ٹیٹ پرچہ اول اور پرچہ دوم پر مشتمل ہوتا ہے ۔ پرچہ اول جماعت اول تا پنجم کے ٹیچرس کیلئے ہوتا ہے جبکہ پرچہ دوم جماعت ششم تا آٹھویں کے اساتذہ کیلئے ہوتا ہے ۔ ٹی ایس ۔ ٹیٹ کے انعقاد کیلئے ریاست بھر میں وسیع تر بندوبست کیا گیا تھا تاکہ امیدواروں کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہونے پائے ۔ حکومت کی جانب سے اس مرتبہ ٹیٹ امتحان کی اہلیت کے سلسلہ میں بھی کچھ تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ امیدواروں کو امتحان ہالس میں پرسکون ماحول فراہم کیا گیا ۔ ٹیچرس اہلیتی امتحان میں کامیابی کے سرٹیفیکٹ کی مدت تا حیات رہتی ہے اگر قوانین تبدیل نہ کئے جائیں۔