ٹیکس چوری کیلئے محفوظ ممالک کی فہرست میں امارات شامل

   

اٹلی اور دیگر ممالک کی مخالفت مسترد ، یوروپی یونین کا فیصلہ
بروسیلز۔12مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) یوروپی یونین نے ٹیکس چوری کیلئے محفوظ سمجھے جانے والے ملکوں کی فہرست میں توسیع کی ہے جس کے ساتھ ہی اس میں شامل ملکوں کی تعداد 10ہوگئی ہیں ۔ متحدہ عرب امارات اور برموڈا کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ۔ حالانکہ یوروپی یونین کے اٹلی جیسے طاقتور رکن نے سخت مخالفت کی تھی ۔ یہ فہرست 2017ء میں پہلی مرتبہ تیار کی گئی تھی جب پناما پیپرس اور لکس لیکس جیسے متعدد اسکینڈلس منظر عام پر آئے تھے ۔ نتیجتاً یوروپی یونین کو ہمہ قومی اداروں اور دولتمند افراد کی جانب سے ٹیکس چوری کے واقعات سے نمٹنے کیلئے یہ قدم اٹھانا پڑا تھا ۔ سات ممالک کو مشتبہ فہرست میں شامل کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے اصلاح کیلئے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی تھی ۔ ان ملکوں میں اروبا ، بیلیز ، برموڈا ، پیجی ، سلطنت عمان ، ونوآٹو اور ڈامونیکا شامل ہیں ۔ بعد ازاں ان کے ساتھ دیگر تین ملکوں کو بھی شامل کرلیا گیا جن کی ٹیکس پالیسیاں گذشتہ چند ماہ کے دوران مزیدجارحانہ رہی تھیں ۔ ان ملکوں میں بارباڈوز ، متحدہ عرب امارات اور مارشل آئی لینڈس شامل ہیں ۔ اٹلی، ایک طویل عرصہ سے اس فہرست میں مشرق وسطی کی طاقتور معیشت متحدہ عرب امارات کو اس فہرست میں شامل کئے جانے کے خلاف مزاحمت کررہا تھا ۔ کیونکہ امارات میں حالیہ عرصہ کے دوران معاشی بدحالی سے متاثرہ یوروپی ملک اٹلی میں سرمایہ کاری کیلئے نمایاں اقدامات کیا تھا ۔ روم یہ چاہتا تھا کہ امارات کو اس فہرست میں شامل نہ کیا جائے ۔ اٹلی کے وزیر فینانس جیووانی ٹریا نے کہا کہ ’’ ہر مسئلہ حل کرلیا جائے گا جب متحدہ عرب امارات میں نئی قانون سازی ہوگی ‘‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امارات بہت جلد مزید اصلاحی اقدامات کرسکتا ہے ۔