حیدرآباد۔ 8 ڈسمبر حکومت تلنگانہ نے کورونا کی صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے راشن شاپ ڈیلرس کو ہدایت دی کہ وہ ایسے استفادہ کنندگان کو راشن سربراہی روک دیں جو کورونا ٹیکہ لینے کا سرٹیفیکٹ نہ بتا پائیں۔ اگر اس ہدایت پر عمل کیا گیا تو کامیابی کے ساتھ عوامی نظام تقسیم کو کورونا ٹیکہ سے جوڑا جاسکے گا ۔ راشن ڈیلرس اسوسی ایشن ذرائع نے کہا کہ حکومت نے ابھی کوئی سرکلر جاری نہیں کیا لیکن سیول سپلائز عہدیداروں نے اپنے ضلع میں زبانی ڈیلرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ استفادہ کنندگان کو راشن حاصل کرنے ٹیکہ سرٹیفیکٹ دکھانے کو کہیں ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات عادل آباد ‘ آصف آباد ‘ محبوب نگر ‘ نارائن پیٹ اور گدوال میں جاری کی گئیں ۔ دو دن قبل تلنگانہ اسٹیٹ کو آپریٹیو اپیکس بینک نے اعلان کیا کہ جن ملازمین نے اب تک ٹیکہ کی کم از کم ایک خوراک حاصل نہیں کی انہیں آئندہ تنخواہ ادا نہیں کی جائے گی ۔