بی جے پی قائد کی درخواست پر آج سماعت ممکن
حیدرآباد ۔27 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے ۔ ٹی آر ایس نے بی جے پی پر ارکان اسمبلی کو انحراف کیلئے لالچ کا الزام عائد کیا دوسری طرف بی جے پی الز امات کی تردید کرتے ہوئے اسے ڈرامہ قرار دیا۔ اسی دوران بی جے پی نے اس معاملہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی ہدایت دینے کیلئے پٹیشن داخل کی گئی ۔ فارم ہاؤز میں پیش آئے واقعہ کی جانچ کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کی درخواست کی گئی ۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ معین آباد کے فارم ہاؤز میں پولیس نے دھاوا کرتے ہوئے کل رات تین افراد کو حراست میں لے لیا جن پر الزام ہے کہ وہ ٹی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی کو انحراف کا لالچ دے رہے تھے۔ پولیس نے اس معاملہ کی جانچ میں شدت پیدا کردی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے خواہش کی کہ اس معاملہ کی ہنگامی طورپر سماعت کی جائے ۔ بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری پرمیندر ریڈی نے درخواست داخل کرتے ہوئے کہا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ کے پیش نظر بی جے پی کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے یہ منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ درخواست میں تلنگانہ کے ہوم سکریٹری ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ، کمشنر سائبر آباد ، راجندر نگر اے سی پی ، معین آباد اسٹیشن ہاؤس آفیسر اور رکن اسمبلی روہت ریڈی کے بشمول جملہ 8 افراد کو فریق بنایا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ ہائی کورٹ میں جمعہ کو اس معاملہ کی سماعت ہوگی۔ر