راجندر کو مباحث چیلنج کے بعد کوشک ریڈی کے خلاف نعرہ بازی
حیدرآباد ۔5 ۔اگست (سیاست نیوز) حضور آباد میں آج ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں کے درمیان ٹکراؤ ہوگیا جس کے نتیجہ میں پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے بی جے پی قائدین کو گرفتار کرنا پڑا۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب ٹی آر ایس کے رکن کونسل پی کوشک ریڈی اسمبلی حلقہ میں ترقیاتی کاموں پر رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو کھلے مباحث کا چیلنج کرنے کے بعد حضور آباد کے امبیڈکر چوک پہنچے۔ انہوں نے راجندر کو مباحث کے لئے 11 بجے آنے کا چیلنج کیا تھا ۔ کوشک ریڈی جیسے ہی امبیڈکر چوک پہنچے بی جے پی کارکن بھی جمع ہوگئے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ صورتحال کشیدہ ہوگئی اور دونوں پارٹیوں کے کارکن آپس میں ایک دوسرے پر حملہ آور ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس نے مداخلت کی۔ کوشک ریڈی نے ٹی آر ایس کی جانب سے حضور آباد میں ترقیاتی کاموں کا دعویٰ کرتے ہوئے راجندر کو مباحث کا چیلنج کیا۔ راجندر امبیڈکر چوک نہیں پہنچے لیکن بی جے پی کارکنوں کی کثیر تعداد نے پہنچ کر کوشک ریڈی کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے ٹکراؤ کو ٹال دیا۔ کوشک ریڈی نے الزام عائد کیا کہ راجندر حلقہ کے مسائل کیلئے حکومت پر غیر ضروری تنقید کر رہے ہیں۔ بی جے پی کارکنوں نے کوشک ریڈی کا علامتی پتلا نذر آتش کیا جس کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ۔ پولیس نے 20 سے زائد بی جے پی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کے ضلع صدر کرشنا ریڈی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ علاقہ میں پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کردی گئی ۔ر