ٹی آر ایس کا مشن منوگوڑ شروع 14 وزراء 86 ارکان اسمبلی و دیگر عوامی نمائندوں کو انتخابی مہم کی ذمہ داری

   

کے ٹی آر اور ہریش راؤ انتخابی مہم کے نگراں کار ، چیف منسٹر کے دو جلسے منعقد کرنے کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس قیادت نے مشن منوگوڑ کا آغاز کردیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 14 وزراء اور 86 ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل کو انتخابی مہم کا انچارج نامزد کیا ہے ۔ ریاستی وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے ۔ انتخابی مہم کے آخری دن تک تمام قائدین کو اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں قیام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ضمنی انتخاب کے معاملے میں متحدہ ضلع نلگنڈہ ٹی آر ایس کیلئے سازگار مانا جاتا ہے ۔ ابھی تک منعقدہ اسمبلی کے دو ضمنی انتخابات میں وزیر برقی جگدیش ریڈی نے پارٹی کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے ۔ تاہم ٹی آر ایس قیادت نے اس مرتبہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب کو وقار کا مسئلہ بناتے ہوئے انتخابی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے کانگریس سے مستعفی ہو کر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بی جے پی کی قومی قیادت نے اس انتخاب میں ساری طاقت جھونک دی ہے ۔ قومی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کا اعلان کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر نے ہر حال میں منوگوڑ میں کامیابی حاصل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اس لیے حلقہ اسمبلی کے ہر ایک ایم پی ٹی سی حلقہ کیلئے ایک رکن اسمبلی یا رکن کونسل کو انچارج بناکر میکرو لیول کی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی دوباک اور حضور آباد کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شکست اور بی جے پی کی کامیابی کی تلخ تجربات کے محاسبہ کے بعد ہر گاوں اور ہر ووٹر تک پہونچنے کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ سوشیل میڈیا پر خصوصی نظر رکھتے ہوئے بی جے پی کا منھ توڑ جواب دینے حکومت کی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی وسیع تشہیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کی قیام گاہ پہونچکر منوگوڑ ضمنی انتخابی مہم پر خصوصی تبادلہ خیال کیا ہے ۔ 14 وزراء کو ذات پات اور مذہب کے لحاظ سے علاقے تقسیم کرکے انہیں ان ووٹوں پر زیادہ توجہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ بی سی ووٹرس کو ٹی آر ایس کے قریب کرنے کے لیے خصوصی پلان تیار کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے دو جلسہ عام منعقد کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ ن