ٹی آر ایس کے امیدوار کو 40 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی یقینی

   


منوگوڑ میں بی جے پی کو شکست کے بعد ریاست میں کھیل ختم ہوگا۔ سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری ٹی ویرا بھدرم

حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) سی پی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری ویرا بھدرم نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی 40 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں سی پی ایم پارٹی کے مقامی قائدین کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کا جائزہ لیا۔ واضح رہیکہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں نے پہلے ہی ٹی آر ایس کی تائید کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی مفاد پرست ہے۔ ہزاروں کروڑہا روپئے کے کنٹراکٹ حاصل کرنے کے بعد اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوگئے جس کی وجہ سے یہ ضمنی انتخاب منعقد ہورہے ہیں۔ ضمنی انتخاب کے ذریعہ بی جے پی تلنگانہ میں اپنی سیاسی طاقت بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی کو منوگوڑ میں شکست دیتے ہوئے ان کی ریاست میں بڑھنے والے قدم کو روکنے کیلئے کمیونسٹ جماعتوں نے ٹی آر ایس کی تائید کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹی ویرابھدرم نے کہا کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کانگریس اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے حلقہ اسمبلی منوگوڑ کے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے کانگریس کارکنوں کو اپنے بھائی بی جے پی کے امیدوار کو ووٹ دینے کے مشورہ دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کومٹ ریڈی برادرس کو ورٹ برادرس میں تبدیل ہوگئے ہیں۔ن