پارلیمنٹ کی افتتاحی تقریب میں بی آر ایس کی عدم شرکت کا امکان

   

فیصلہ کا آج اعلان، نئی پارلیمنٹ کو امبیڈکر سے موسوم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) نئی دہلی میں 28 مئی کو پارلیمنٹ کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر 19 سیاسی پارٹیوں نے تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ کے سی آر کی زیر قیادت بھارت راشٹرا سمیتی ( بی آر ایس ) بھی تقریب کا بائیکاٹ کرسکتی ہے تاہم سرکاری طور پر اعلان کل 25 مئی کو کیا جائے گا۔ بی آر ایس پارلیمانی پارٹی کے قائد ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں بی آر ایس شریک نہیں ہوگی تاہم اس بارے میں اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت کے بارے میں قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ پارٹی سربراہ کے سی آر سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں بی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی شرکت کا یوں تو امکان نہیں ہے لیکن پارٹی اپنے فیصلہ کا اعلان کل کرے گی۔ واضح رہے کہ کانگریس اور اس کی ہم خیال جماعتوں نے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا اور اس فیصلہ میں بی آر ایس شامل نہیں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق بی آر ایس عدم شرکت کیلئے نئی عمارت کو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم نہ کرنے کو بنیاد بنائے گی۔ بی آر ایس نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میں نہ صرف ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا بلکہ نئے سکریٹریٹ کو امبیڈکر کے نام سے موسوم کیا گیا۔ 19 اپوزیشن پارٹیاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ذریعہ افتتاح کی مانگ کررہی ہیں جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح کی تیاریاں ہیں۔آندھرا پردیش کی برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے تقریب میں عدم شرکت کا اشارہ دیا گیا ہے جبکہ تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ شرکت کرسکتے ہیں۔ر