پاکستان نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کو 28 سال بعد شکست دی

   

ایڈیلیڈ ۔ یہاں کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کو یکطرفہ انداز میں شکست دے دی۔ میلبورن میں شکست کھا نے والی پاکستانی ٹیم نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کو کوئی موقع نہیں دیا اور شاندار کامیابی حاصل کرکے سیریز1-1 سے برابر کردی۔ آسٹریلوی ٹیم ایڈیلیڈ ونڈے میں زبردست ناکام ثابت ہوئی۔ نہ اس کے بیٹرس کارکردگی دکھا سکے اور نہ ہی اس کے بولرس اپنے رنگ میں تھے ۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 35 اوورز میں صرف 163 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے یہ ہدف 26.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ یہ جیت پاکستان کے لیے بہت خاص ہے کیونکہ اس نے آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ کے گراؤنڈ پر 28 سال بعد شکست دی ہے۔ آخری بار پاکستان نے آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ونڈے میں 1996 میں شکست دی تھی۔ آسٹریلیا کو سب سے زیادہ نقصان صائم ایوب اور حارث رؤف نے پہنچایا۔ سب سے پہلے حارث رؤف نے اپنی تیز گیندوں سے آسٹریلیا کے مڈل آرڈرکو تباہ کیا۔ اس دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے جوش انگلیس، مارنس لیبوسین، ایرون ہارڈی، گلین میکسویل اور پیٹ کمنزکا شکارکیا۔ حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میں اپنی بہترین بولنگ کی اور یہ ایڈیلیڈ گراؤنڈ پرکسی بھی پاکستانی فاسٹ بولرکی بہترین کارکردگی ہے۔ حارث رؤف کے بعد صائم ایوب نے آسٹریلیا میں تہلکہ مچا دیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بیٹر نے دھماکہ خیز انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 71 گیندوں میں82 رنز بنائے۔ ایوب نے اپنی اننگز میں6 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔ اس کھلاڑی نے اسٹارک، ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز، زمپا جیسے بولروں کو نہیں بخشا۔ ایوب نے عبداللہ شفیق کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے 122 گیندوں پر137 رنز کی شراکت بنا کر آسٹریلیا کو میچ سے مکمل طور پر ختم کردیا۔ ایوب کے بعد عبداللہ شفیق نے بھی شاندار نصف سنچری بنائی۔ شفیق 64 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے، بابر اعظم نے بھی15 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آخری ونڈے اتوار کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جو سیریزکا فائنل بن گیا ہے۔یادرہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ونڈے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔