پدم ایوارڈز کیلئے نامزدگی کا عمل شروع

   

نئی دہلی: آئندہ سال یوم جمہوریہ کے موقع پر اعلان کیے جانے والے پدم ایوارڈز کے لیے آن لائن نامزدگیوں اور سفارشات کا عمل بدھ سے شروع ہو گیا اور 15 ستمبر تک نامزدگی کی جا سکتی ہے ۔ وزارت داخلہ نے آج جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا کہ ان ایوارڈز کے لیے نامزدگی اور سفارشات وزارت کی ویب سائٹ پر نیشنل ایوارڈ پورٹل پر آن لائن کی جا سکتی ہیں۔ پدم ایوارڈز میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری شامل ہیں۔ یہ ایوارڈز 1954 میں شروع ہوئے تھے اور ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر ان کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ یہ ایوارڈز فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب، سماجی خدمات، سائنس اور انجینئرنگ، عوامی کام، سیول سروسیز ، تجارت اور صنعت وغیرہ جیسے شعبوں میں نمایاں اور غیر معمولی کامیابیوں کے لیے دیے جاتے ہیں۔