پرانے شہر کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم: ای ٹی نرسمہا

   

مغلپورہ میں سی پی آئی کانفرنس، عوامی مسائل حل کیلئے پد یاترا کا منصوبہ
حیدرآباد ۔11۔اگست (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سکریٹری حیدرآباد ای ٹی نرسمہا نے الزام عائد کیا کہ حکومت اور پرانے شہر کے نمائندوں میں عوامی مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ سی پی آئی بہادر پورہ اسمبلی حلقہ کی چوتھی کانفرنس آج اردو گھر مغلپورہ میں منعقد ہوئی ۔ ای ٹی نرسمہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی پرانے شہر کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد سے پرانے شہر کے عوام کی بھلائی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی گئی ۔ بہادر اسمبلی حلقہ کے کنوینر خواجہ خاں نے اجلاس کی صدارت کی ۔ ای ٹی نرسمہا نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ صاف پینے کے پانی کی سربراہی کا کوئی نظم نہیں اور بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ تباہ حال سڑکوں اور ناقص ڈرینج نظام کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پرانے شہر کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار کرنے میں جی ایچ ایم سی ناکام ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی حلیف جماعت کے نمائندے ماسٹر پلان پر عمل آوری میں رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر بستیوں میں پد یاترا کرتے ہوئے حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا ۔ اجلاس میں حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے قائدین کے یادگری ، این سرکانت ، عارف خان اور دوسروں نے شرکت کی۔ ر