انتخابات سے قبل اقدامات کا اعلان ، عمل آوری میں کاہلی ، ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کی تلاش ناگزیر
حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا؟ ریاستی اسمبلی انتخابات سے قبل پرانے شہر میں میٹرو ریل کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ اندرون چند یوم پرانے شہر کی راہداری پر من و عن عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا لیکن اب جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان ہوئے ایک ماہ کا عرصہ گذر چکا ہے اس کے باوجود بھی پرانے شہر میں ایسی کوئی سرگرمیاں نظر نہیں آرہی ہیں کہ حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات ہونے لگی ہے لیکن عہدیداروں کا کہناہے کہ اب جبکہ سیاسی قائدین اس راہداری پر میٹرو ریل کے آغاز کے لئے تیار ہو چکے ہیں تو ایسی صورت میں کام تو بہر حال شروع کردیئے جائیں گے لیکن حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کو انجام دے رہی لارسن اینڈ ٹربو کمپنی کی جانب سے اس راہداری پر اخراجات کے سلسلہ میں نیا تخمینہ تیار کرنے پر غور کیا جا رہاہے ۔
بتایاجاتاہے کہ میٹرو ریل راہداری پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں نشاندہی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ میٹرو ریل کے کاموں کے آغاز کی صورت میں متبادل راستوں پر بھی غور کیا جا رہاہے اور اس معاملہ میں ٹریفک پولیس عہدیداروں سے مشاورت کا عمل جاری ہے کیونکہ جب میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز کیا جائے گا اس وقت ٹریفک کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے بھی منصوبہ بندی ناگزیر ہے ۔ انتخابی اعلامیہ سے قبل کئے گئے اعلان کے مطابق پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز ہوجانا چاہئے تھا لیکن متعدد وجوہات کی بناء پر ان کاموں کا اب تک آغاز نہیں ہوپایا ہے۔ پرانے شہر کے عوام کی بڑی تعداد پرانے شہر میں میٹرو راہداری کے آغاز کی بے چینی سے منتظر ہے کیونکہ اب شہر میں جہاں 2راہداریوں پر میٹرو ریل کی خدمات کا آغاز ہوچکا ہے تو اس کے فوائد کا اندازہ ہونے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی شروعات سے ٹریفک پر اثر ہوا ہو یا نہ ہوا ہو لیکن اپنی منزل تک پہنچنے کے وقت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے اسی لئے پرانے شہر کے عوام بھی اپنے علاقہ میں اس سہولت کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں ۔ منتخبہ عوامی نمائندوں اور سیاسی قائدین کے علاوہ برسر اقتدارجماعت کے ساتھ حیدرآباد میٹرو ریل اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے پرانے شہر کی راہداری پر سنجیدگی کے ساتھ تعمیری و ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں نہ صرف پرانے شہر کے عوام کو سہولت ہوگی بلکہ پرانے شہر کو ٹریفک کے سبب نظر انداز کرنے والے سیاحوں کے لئے بھی کافی سہولت حاصل ہوگی علاوہ ازیں پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات شروع ہونے کی صورت میں پرانے شہر کی ترقی کی راہیں بھی ہموار ہونے لگیں گی۔